سابق ڈائریکٹر اکاؤنٹس منہاج القرآن انٹرنیشنل مرحوم ملک فضل حسین رحمۃ اللہ علیہ کے ایصالِ ثواب کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد، چیئرمین سپریم کونسل کی خصوصی شرکت و گفتگو

کونسل آف فاؤنڈنگ اینڈ سینئر ممبرز کے زیراہتمام منہاج القرآن انٹرنیشنل سابق ڈائریکٹر اکاؤنٹس اور شیخ الاسلام سے معتمد اور قابلِ اعتماد رفیق مرحوم ملک فضل حسین رحمۃ اللہ علیہ کے ایصالِ ثواب کیلئے فریدِ ملّت ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، مفتی اعظم منہاج القرآن مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، مرحوم ملک فضل حسین کے صاحبزادگان ملک بشارت حسین اور ملک شہزاد حسین، اہلِ خانہ، مرکزی قائدین، ذمہ داران اور کارکنان شریک ہوئے۔
چیئرمین سپریم کونسل نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی اصل پہچان اس کا منصب یا عہدہ نہیں بلکہ اس کا کردار اور اخلاق ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ملک فضل حسین اپنی دیانت داری، اخلاص اور حسنِ اخلاق کے باعث ادارے کے اندر ایک ممتاز مقام رکھتے تھے اور تقریباً تین دہائیوں تک نہایت ذمہ داری اور دیانت داری کے ساتھ ادارے کے مالیاتی نظام کو سنبھالتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قابلِ اعتماد ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے اور ان کی خدمات تحریک کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشن کی بنیاد رکھنے والے افراد اس عمارت کی پہلی اینٹ کی مانند ہوتے ہیں اور ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مثال بنتی ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو تلقین کی کہ اپنے بزرگوں اور فاؤنڈنگ ممبرز کی خدمات کو یاد رکھیں اور ان کی قدر کریں، کیونکہ یہی وفاداری اور محبت مصطفوی مشن کی اصل طاقت ہے۔
تقریب کے اختتام پر مرحوم ملک فضل حسین کے ایصالِ ثواب اور بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اللہ رب العزت سے دعا کی گئی کہ وہ مرحوم کی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔















































تبصرہ