سال 2007 بینظیر بھٹو کی المناک شہادت کا غم چھوڑ کر رخصت ہو گیا : فرح ناز

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ایگزیکٹو کونسل کا تعزیتی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا جس میں بے نظیر بھٹو شہید کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔ اجلاس میں ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز، سینئر نائب ناظمہ فاطمہ مشہدی، نائب ناظمہ مسرت بشیر، بشریٰ ریاض، راضیہ شاہین، مسز نبیلہ جاوید، فوزیہ شوکت اور عائشہ شبیر سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو تحریک منہاج القرآن کی تاحیات ممبر تھیں اور ان کی شہادت پاکستان کی تاریخ کا بدترین سانحہ ہے اور اس سفاکانہ اور بہیمانہ قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ 2007ء بے نظیر بھٹو کی المناک شہادت کا غم چھوڑ کر رخصت ہو گیا ہے اور ہر پاکستانی کا دل دکھ اور غم کی جذبات سے لبریز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ایک بڑی سیاسی جماعت کی جرات مند رہنما تھیں۔ ملک دشمن طاقتیں پاکستان کو مضبوط اور مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں۔ اس لئے خفیہ ہاتھوں نے ان کو راستے سے ہٹا کر ملکی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی دنیا بھر کی تنظیمات اور ملک کے اندر تحصیلی سطح پر بے نظیر بھٹو شہید کے لئے قرآن خوانی کی جا رہی ہے اور منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ کی شہادت کے المناک سانحے پر شدید دکھی اور غمزدہ ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top