منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 9 ویں بین المذہبی دعا کی تقریب

رپورٹ : نوید اصغر

منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا کے زیراہتمام مورخہ 12 دسمبر 2007 نوویں (9 ویں) بین المذہبی دعا کی تقریب منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں انعقاد پذیر ہوئی جس میں بارسلونا سنٹر میں رہائش پذیر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی، اس سالانہ بین المذہبی تقریب کا انعقاد منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا سپین، کیتھولک چرچ Parroquia del Carme، ابنِ بطوطہ ایسوسی ایشن، اسلامک کونسل آف کتالونیا، فلپائنی عیسائی کیمونٹی، بارسلونا پروٹسٹنٹ چرچ اور گھانا عیسائی کیمونٹی نے مشترکہ طور پر کیا جبکہ اسلامک سنٹر القائم کے نمائندوں نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔

تقریب کا آغاز نمازِ عشاء کے بعد کیا گیا جس میں فلپائن کی عیسائی کیمونٹی نے Our Lord کے نام سے ایک نغمہ پیش کیا، گھانا کی عیسائی کیمونٹی نے بھی انگریزی زبان میں ایک مذہبی نغمہ پیش کیا، کیتھولک عیسائیوں کی طرف سے زبور کی آیات پڑھی گئیں، پروٹسٹنٹ عیسائیوں کے نمائندے نے انجیلہ مقدس سے اس سال کے موضوع "زمین ہم سب کا مسکن ہے" کے متعلق دعائیہ آیات پڑھیں، منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے امام علامہ عبد الرشید شریفی نے قرآن کریم سے سورۃ الانعام اور سورۃ الاعراف کی آیات کی تلاوت کی اور نوید اصغر نے ان آیات کا ہسپانوی زبان میں ترجمہ کیا، منہاج القرآن بارسلونا کے طلبہ نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے قلم سے لکھی گئی دعا "لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری" پڑھی اور حاضرین کی طرف سے پر زور تالیاں وصول کیں، نوید اصغر نے اس دعا کا کتالان میں ترجمہ کیا۔

اس تقریب کا موضوع "زمین ہم سب کا مسکن ہے" موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانوں کی طرہ سے زمین کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے رکھا گیا تھا، اس تقریب میں سب مذاہب کے نمائندگان نے اپنی اپنی مذہبی کتابوں سے زمین کے ذریعے خدا کی طرہ سے دی جانے والی سہولیات پر اس کا شکر ادا کرنے اور ان کے غیر ضروری استعمال سے گریز کرنے کی تلقین کی۔

تقریب کے اختتام سے قبل پروٹسنٹ چرچ کی طرف سے لکڑی اور ایلمونیم کی تاروں سے بنا ہوا ایک خشک درخت رکھا گیا جو کہ زمین کی موجودہ حالت کو ظاہر کر رہا تھا، چرچ کی جانب سے حاضرین میں سبز رنگ کے چھوٹے چھوٹے کاغذات تقسیم کیے گئے جو کہ درخت کے پتے کو ظاہر کرتے تھی، حاضرین نے اپنے نام لکھ کر ان پتوں کو خشک درخت پر لگایا جس سے یہ مراد لی جائے گی کہ انسانوں کو چاہیے کہ وہ درختوں اور زمین کے ماحول کو بچانے کے لیے کام کریں۔

Parroquia del Carme کے عیسائی پادری کی طرف سے ایک نغمہ پیش کیا گیا جسے سب حاضرین نے مل کر پڑھا، نغمے کے الفاظ یہ تھے Lloat sigueu oh Nostre Senyor! یعنی ہمارے خدا کا نام بلند ہو! اس کے بعد میزبان تنظیم منہاج القرآن بارسلونا کی طرف سے پاکستانی مصنوعات پر مشتمل لنگر عام تقسیم کیا گیا جسے شرکاء نے بہت پسند کیا۔

اس بین المذہبی تقریب میں نقابت کے فرائض منہاج القرآن بارسلونا کے ناظمہ تعلقاتہ عامہ محمد اقبال چوہدری نے سرانجام دیے۔



تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top