دشمن عناصر انتہائی تکنیک اور مضبوط بنیادوں پر اپنا کا م سرانجام دے رہے ہیں : فرحت حسین شاہ

طبقاتی نظام تعلیم، عدل اور جاگیرداری نظام معیشت نے قوم کو انتشار خیال، کرپشن اور محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا
سید فرحت حسین شاہ کی منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے ایک علماء وفد سے گفتگو

پاکستان اسلام کا قلعہ، محور اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لیے پاکستان کے خلاف اعلانیہ اور خفیہ سازشیں ہو رہی ہیں۔ دشمن عناصر انتہائی تکنیک اور مضبوط بنیادوں پر اپنا کام سرانجام دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے صدر ممتاز صدیقی کی قیادت میں آئے ہوئے ایک علماء کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر مولانا محمد حسین آزاد، علامہ امیر آصف اکبر اور مولانا عثمان سیالوی بھی موجود تھے۔ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ ملک و قوم کی بہتری اور خود انحصاری کے لیے خود اعتماد ی، اتحاد اور یکجہتی وقت کا اولین تقاضا ہے۔ اب بھی ذمہ دار افراد نے غفلت اور سستی کا مظاہرہ کیا تو دہشت گردی کا طوفان اس حد تک خطرناک ہو سکتا ہے کہ پھر کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے دشمن جارحانہ اور یارانہ دونوں طریقوں سے اپنے مقاصد پورے کر رہے ہیں۔ قوم کو بامقصد شعور اور ایسا نظام دینا چاہیے جس میں وہ مصروف ہو کر کامیابی اور عروج کی منازل پاسکیں۔ مقروض ہونے میں عروج نہیں بلکہ مصروف ہونے میں کامیابی اور عروج ہے۔ یہ حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ عوام اور قوم و ملت کی پریشانیوں کو دور کرے اور انہیں سکون کی زندگی گزارنے کا ماحول مہیا کرئے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بحرانوں کا شکار ہے۔ چینی، آٹا، عدلیہ، تجارت میں عالمی منڈیوں تک رسائی اور معاشی ابتری حاصل کرے۔ ان بحرانوں سے نکلنے کے لیے ضرور ی ہے کہ امن امان کی صورتحال کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر موجود ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف بھی سخت آپریشن ہونا چاہیے۔ جن کی وجہ سے مصنوعی معاشی ابتری پروان چڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو خوف الہی اپنانا چاہیے وہ اللہ تعالی کے حضور آخرت میں کیا جواب دینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدل و انصاف ہر ایک کے لیے یکساں ہو تو بہت سی بڑی بڑی بیماریوں اور لعنتوں سے قوم کی جان چھوٹ سکتی ہے۔ طبقاتی نظام تعلیم، طبقاتی نظام عدل اور جاگیرداری نظام معیشت نے قوم کو انتشار خیال، کرپشن اور محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی نظام اسلام کو صحیح صورت میں نافذ کر دیا جائے تو عوام کی محرومی اور اضطرابی کیفیت ختم ہو سکتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top