ڈاکٹر طاہرالقادری وطن واپس پہنچ گئے

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری لاہور ائیرپورٹ سے داتا دربار کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ وطن واپسی پر کارکنان کی بڑی تعداد نے ڈاکٹر طاہرالقادری کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ڈان نیوز کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری لنک روڈ، ہربنس پورہ، مغل پورہ اور مال روڈ سے ہوتے ہوئے داتا دربار پر حاضری کے لیے پہنچیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا وفد داتا دربار پر حاضری کے بعد ماڈل ٹاؤن پہنچے گا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کی آمد کے موقع پر عوامی تحریک کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ ایئرپورٹ کے اردگرد سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ ایس پی کینٹ سمیت تین ڈی ایس پی اور 200 دیگر اہلکار سیکورٹی پر مامور ہیں۔ اس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا طیارہ لاہور ایئر پورٹ پر پہنچا تو انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کارکنان پرامن رہیں، فتح حق کی ہوگی‘‘۔ عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ ’’ہماری جدوجہد رکی نہیں جاری ہے، پنجاب اور بلوچستان میں ن لیگ کی حکومت ہے اس لیے جے آئی ٹی پر اعتماد نہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو تحفظ دینے کے لیے جے آئی ٹی بنائی گئی، جس جے آئی ٹی میں پنجاب پولیس کا افسر شامل ہو وہ قابل قبول نہیں، قاتلوں کی بنائی ہوئی جے آئی ٹی کو مسترد کرتے ہیں‘‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’شہیدوں کے خون کا بدلہ قانون کے مطابق لیں گے‘‘۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اسلام آباد میں پی اے ٹی کا دھرنا ختم کرنے کے بعد کچھ روز بیرون ملک چلے گئے تھے۔

پولیس ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی لاہور آمد پر دہشت گردی کے خطرہ ہے، جس کے باعث انہیں ریلی کی صورت میں جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ تاہم عوامی تحریک نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اگر کوئی حادثہ ہوا تو پنجاب حکومت اس کی ذمہ داری ہوگی۔

ذرائع: ڈان نیوز آن لائن

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top