زلزلہ سے متاثرہ 5 سو خاندانوں کو خوراک، کمبل اور خیمے فراہم کررہے ہیں: عوامی تحریک
فوج کے سوا کوئی ادارہ متاثرہ اضلاع میں نظر نہیں آرہا، ڈیزاسٹر
مینجمنٹ کی تشکیل نو ناگزیر ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر غریب بچوں کو آغوش گرائمر سکول میں مفت تعلیم دی جائیگی،
خرم نوازگنڈاپور
لاہور (30 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں نے کے پی کے کے زلزلہ سے متاثرہ اضلاع کے دورہ کے بعد واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ اضلاع کے درجنوں گاؤں کے سینکڑوں خاندان آج بھی حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن اپنی مدد آپ کے تحت 500 خاندانوں میں ادویات، خوراک، کمبل، خیمے تقسیم کررہی ہے اور 200 رضا کار متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ فوج کے جوانوں کے سوا متاثرہ اضلاع میں کوئی ادارہ نظر نہیں آرہا۔ رہنماؤں نے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں زلزلہ سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا عوامی تحریک کے صدر خالد درانی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآردینیشن ساجد بھٹی، منہاج ویلفیئر کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ، عبدالحفیظ چودھری و دیگر موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کی برہ راست نگرانی منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین کررہے ہیں اور سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری لمحہ بہ لمحہ امدادی سرگرمیوں کی رپورٹ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اعلانات تاحال صرف اعلانات ہی ہیں۔ وہ اس آفت کے حوالے سے سیاست نہ کرنے کا اعلان کر کے سیاست کررہے ہیں اور وہ خیبرپختونخوا کی مخالف سیاسی حکومت کو نیچا دکھانے کیلئے اعلان پر اعلان اور صرف گرم جوشی کے مظاہرہ تک محدود ہیں عملاً انکی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ امدادی سرگرمیوں میں شریک ہمارے کارکنوں نے بتایا ہے کہ متاثرہ اضلاع کے عوام حکومتی امداد نہ ملنے کی وجہ سے احتجاج کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکمران فی الفور اپنے اعلانات پر عمل کریں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر سردی کی شدت سے بچانے کیلئے خیمے، کمبل، خوراک، ادویات دینے کے ساتھ ساتھ ان کے گھروں کو تعمیر مکمل کروائیں تاکہ وہ باحفاظت اپنے گھروں میں منتقل ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایک ناکام سروے کمپنی بن کررہ گیا ہے اور اسکی حالت یہ ہے کہ یہ نقصانات کے حوالے سے جو اعداد و شمار قوم کو جاری کرتا ہے وہ بھی درست نہیں ہوتے۔ افسران دفاتر میں بیٹھ کر زبانی جمع خرچ تک محدود رہتے ہیں، انہیں ایمرجنسی سے نمٹنے کے قابل بنانے کیلئے اس ادارے کی تشکیل نو ناگزیر ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق ہماری سروے ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کام کررہی ہیں اور ایسے بچوں کی نشاندہی کی جائیگی جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ایسے تمام بچوں کو تحریک منہاج القرآن کے تحت چلنے والے آغوش گرائمر سکول میں مفت تعلیم دی جائیگی اور انہیں مفت خوراک اور رہائش بھی مہیا کی جائیگی۔ خرم نوازگنڈاپور نے بتایا کہ 2005 ء کے زلزلہ میں یتیم ہونے والے سینکڑوں بچوں کو ادارہ آغوش میں مفت تعلیم اور رہائش دی گئی تھی۔ الحمدللہ آج وہ تمام بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ خیبر تا کراچی عوام کے دل ان کے ساتھ دھڑک رہے ہیں۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے خرم نوازگنڈاپور کی قیادت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زلزلہ میں زخمی ہونیوالے مریضوں کی عیادت کی اور سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے انہیں پھولوں کے گلدستے دئیے اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
تبصرہ