عباس پور: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شہدائے کربلا کانفرنس
منہاج القرآن عباس پور کے زیراہتمام مورخہ 30 اکتوبر 2015 بروز جمعۃالمبارک بمقام سنی حنفی دارالعلوم عباس پور شہدائے کربلا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں شاگرد رشید شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علامہ رانا محمد ادریس قادری نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات منہاج القرآن نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر عباس پور آمد پر منہاج القرآن عباس پور کے جملہ فورمز کے عہدیداران، کارکنان اور تحریک انصاف کے کارکنان نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ایک عظیم الشان ریلی کی شکل میں انہیں مرکز منہاج القرآن عباس پور لایا گیا۔ سب سے پہلے مرکز منہاج القرآن عباس پور میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن، منہاج لقرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تحصیل عباس پور کے عہدیداران اور کارکنان شریک ہوئے۔ میٹنگ میں تنظیمی معاملات پر مشاورت کی گئی اور آخر میں علامہ رانا محمد ادریس قادری نے اپنے خطاب میں تحریک منہاج القرآن تحصیل عباس پور کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل کی پالیسی سے آگاہ کیا۔ آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت یابی اور درازی عمر کیلئے دعا کی۔ اس کے بعد علامہ رانا محمد ادریس قادری نے منہاج القرآن عباس پور کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔
علامہ رانا محمد ادریس قادری شہدائے کربلا کانفرنس میں خصوصی خطاب کیلئے سنی حنفی دارالعلوم عباس پور تشریف لے گئے، سنی حنفی دارالعلوم عباس پور پہنچنے پر مفتی کشمیر حضرت علامہ مولانا مفتی محمد حسین چشتی بانی و مہتمم سنی حنفی دارالعلوم عباس پور، و صدر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر نے منتظمین و طلبہ سنی حنفی دارالعلوم عباس پور سمیت پرتپاک استقبال کیا۔ مفتی کشمیر سے مختصر ملاقات کے بعد مہمان ِ خصوصی خطاب کیلئے سٹیج پر تشریف لے گئے۔ اپنے خصوصی خطاب میں علامہ نے شہدائے کربلا کے پیغام ِامن اور اسلام کے دین امن ہونے کے تصور کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اتحادِ امت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صحابہ کرام اور اہل بیت کے درمیان محبت پر قائم تعلق پر روشنی ڈالی۔ آخر میں مفتی کشمیرکا شکریہ اداکرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ان کو دین کیلئے سرمایا قرار دیا۔
مفتی کشمیر مولانا محمد حسین چشتی نے اس موقع پر علامہ رانا محمد ادریس قادری کے عباس پور تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا اور منہاج القرآن عباس پور کی خدمات کو بالعموم اور منہاج القرآن انٹرنیشل اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اسلام اور امن عالم کیلئے خدمات کو باالخصوص سراہا۔ اس موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ عباس پور کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا سٹال بھی لگایا گیا تھا جس میں باقی تمام کتب کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور امن عالم کیلئے لکھا گیا نصابِ امن بھی موجود تھا۔
آخر میں مفتی کشمیر نے خود مہمان ِ خصوصی کو الوداع کیا۔
برکت علی قادری (ناظم نشرواشاعت، عباس پور)
تبصرہ