شہباز حکومت ورثہ ڈھاؤ ’’میٹرو بناؤ‘‘ مال کماؤ مشن پر ہے: عوامی تحریک لاہور

راوی خشک ہوتا دیکھنے والے زندہ دلان لاہور تاریخی ورثہ کی بربادی پر خاموش نہ رہیں، میجر (ر) محمد سعید
پی اے ٹی کے چیف کوآرڈینیٹر کی پاکستان مسیحا پارٹی کے رہنماؤں سے گفتگو

لاہور (11 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے چیف کوآرڈینیٹر میجر (ر) محمد سعید راجپوت نے کہاہے کہ شہباز حکومت ’’ورثہ ڈھاؤ‘‘ میٹرو بناؤ اور مال کماؤ مشن پر ہے، اپنی آنکھوں کے سامنے راوی کو بھارت کے ہاتھوں بکتے اور خشک ہوتا دیکھنے والے زندہ دلان لاہور تایخی ورثہ کی بربادی پر اب خاموش نہ رہیں۔ داتا کی نگری کے تاریخی حسن کی حفاظت کیلئے مسیحی، مسلم، ہندو، سکھ مل کر تاریخی عمارات کو ترقیاتی منصوبوں کا قبرستان بننے سے روکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان مسیحا پارٹی کے فاؤنڈر پرویز مسیح کی قیادت میں عوامی تحریک اور منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر آنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں مسیحا پارٹی کے جنرل سیکرٹری شوکت سلیم کھوکھر، شوکت ڈیال، عامر شوکت، اشرف گل اور مشتاق صادق شامل تھے۔

میجر (ر) محمد سعید نے کہاکہ لاہور کے ڈیڑھ کروڑ عوام اتنے بے بس کیوں ہیں کہ ان کی آنکھوں کے سامنے لاہور کی تہذیب کو ’’ذبح‘‘ کیا جارہا ہے اور وہ خاموش ہیں؟ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے تاریخی لاہور کو خیرباد کہہ کر اپنی الگ دنیا آباد کر لی ہے شاید اسی لئے اب وہ اس شہر کی ہر گلی اور بازار پر ہتھوڑے برسا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہباز حکومت کے نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے باعث اکثریتی آبادی کے ساتھ ساتھ سکھ، مسیحی، ہندو برادری میں تشویش ہے۔ لاہور کے ان تاریخی مقامات اور یادوں نے اس شہر میں آباد کمیونٹیز اور مذاہب کو تسبیح کے دانوں کی طرح ’’پرو‘‘ رکھا ہے اور موجودہ حکمران اس تہذیبی بندھن پر کدال اور بلڈوزر چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم دعوے سے کہتے ہیں کہ موجودہ حکمرانوں کے ترقیاتی منصوبوں کو لاہور کے 90 فیصد سے زائد عوام کو کوئی دلچسپی نہیں اور نہ ہی یہ منصوبے اکثریتی عوام کیلئے ہیں، یہ مال بناؤ مہم ہے جس کی قیمت لاہور کا ہر شہری چکا رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top