ڈاکو اور ڈیفالٹر منتخب کرنے والا نظام بدل کر دم لیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری

دو چیفس نے حکومتی بیڈ گورننس کی نشاندہی کی، قومی ایکشن پلا ن ان ایکشن نہیں، گفتگو
کرپشن اور کمیشن کی سیاست کے بانی اپنے منہ میاں مٹھو نہ بنیں، نندی پور منصوبہ بد یانتی کی بد ترین مثال ہے
سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے ہندوؤں کے مذہبی تہوار’’دیوالی‘‘ پرر ہندو برادری کومبارکباد

لاہور (11 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ڈاکو اور ڈیفالٹر منتخب کرنے والا نظام بدل کر دم لیں گے، ہماری جدوجہد جاری اور انقلاب کا قافلہ رواں دواں ہے۔ قومی ایکشن پلان ان ایکشن ہوتا تو کالعدم تنظیموں کے حمایت یافتہ امیدواروں کے منتخب ہونے کی افسوس ناک رپورٹس دیکھنے کو نہ ملتیں۔ دو چیفس نے یکے بعد دیگرے حکومتی بیڈ گورننس کی نشاندہی کی جس سے ہمارے موقف کی تصدیق ہو گئی، قومی ایکشن پلان حکومتی بیڈ گورننس کی وجہ سے غیر موثر ہو گیا اوریہ قومی پلان حکمرانوں کی پلاننگ کی فائلوں میں گم ہو چکا۔ وہ گذشتہ عوامی لائرز ونگ کے رہنماؤں سے ٹیلی فون پر خطاب کر رہے تھے۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ ڈاکوؤں، اشتہاریوں اور ٹیکس چوروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے والے اور انہیں الیکشن لڑنے کا لائسنس جاری کرنے والے قوم کے مجرم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام بھی اب کھلی آنکھوں کے ساتھ اپنے نمائندوں کو منتخب کریں۔ ڈاکوؤں کے منتخب ہونے پر پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے، موجودہ ظالم نظام کی پیداوار حکمرانوں کو یہی نظام اور یہی نمائندے’’ سوٹ‘‘ کرتے ہیں۔ عوام کو اب جاگ جانا چاہیے اور اپنا مستقبل ڈاکوؤں کے سپرد نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں حکومتی بیڈ گورننس کی نشاندہی کی اور آرمی چیف نے بھی اسی برائی کی نشاندہی کی، جو انتہائی غور طلب ہے۔ قومی ادارے نشاندہی تک محدود رہنے کی بجائے حکومتی قبلہ درست کرنے، گورننس کو بہتر کرنے اور کرپشن کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور کمیشن کی سیاست کے بانی اپنے منہ میاں مٹھو بننے سے پہلے نندی پور کی کرپشن کا حساب دیں۔ پاور منصوبے موجودہ حکمرانوں کی کرپشن اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

سربراہ عوامی تحریک نے مزید کہاکہ بد امنی، چور بازاری اور حکومتی غنڈہ گردی کے مظاہرے میں پنجاب سر فہرست صوبہ ہے۔ بہت جلد اس کے چشم کشا ثبوت قوم اور میڈیا کے روبرو ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ کالعدم تنظیموں کے حمایت یافتہ نمائندوں کے منتخب ہونے کی سب سے زیادہ خبریں پنجاب سے آ رہی ہیں، قومی سلامتی کے ادارے اس طرف بھی توجہ دیں۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک انٹر فیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا وفد کے ہمراہ کرشنا اوربالمیکا مندر گئے جہاں انہوں نے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے ہندوؤں کے مذہبی تہوار ’’دیوالی‘‘ پر ہندو رہنماؤں پنڈت بھگت لال اور ڈاکٹر منوہر چاند کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top