اللہ تعالیٰ نے سسکتی انسانیت کی رہنمائی کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مبعوث فرمایا: فیض الرحمن درانی

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جہالت کی تاریک اور بند گلی میں پھنسے لوگوں کو ہدایت اور روشنی کا راستہ دکھایا
ملت اسلامیہ پھر سے رفعت اور عروج پانے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا طوق گلے میں ڈالے
زندہ دلان لاہور عالمی میلاد کانفرنس میں شریک ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ محبت کا اظہار کریں
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑ ے جتماع سے خطاب

لاہور (11 دسمبر 2015) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ظلم کی چکی میں پستی اور سسکتی انسانیت پر اپنا خاص کرم فرماتے ہوئے نبی محترم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو انسانیت کی رہنمائی کیلئے مبعوث فرمایا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جہالت کی تاریک اور بند گلی میں پھنسے لوگوں کو ہدایت اور روشنی کا راستہ دکھایا۔ وہ لوگ جو ایک دوسرے کی جان کے دشمن تھے۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر وحشیانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اپنی ذاتی انا اور تسکین کیلئے دوسروں پر ظلم ڈھاتے تھے، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اخلاقی تربیت کی بدولت آج ان کا شمار دنیا کے معزز ترین لوگوں میں ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے سے ایک ایسا معاشرہ تشکیل میں آیا جس میں اجڈ اور گنوار پورے معاشرے کیلئے امن، سکون اور بھائی چارے کا اعلیٰ نمونہ بن گئے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پوری زندگی معافی، درگزر اور احسان سے بھری پڑی ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی تمام جہانوں کیلئے رحمت ہے۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ افسوس آج ہم نے مشفق اور مہربان نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کو نظراندازکردیا اور پھر سے قتل و غارت گری، ناانصافی، جبر و استحصال والے نظام کو پروموٹ کرنا شروع کر دیاہے۔ یہی وجہ ہے آج ہم پھر اس بدتہذیبی کے دور میں چلے گئے ہیں جہاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت مبارکہ سے پہلے تھے۔ ربیع الاول کے مبارک مہینے کی آمد آمد ہے اور اگر ہم پھر سے رفعت اور عروج چاہتے ہیں تو آپس میں تفریق کے سوالات کو ختم کر کے ایک بار پھر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ سے تجدید عہد کرنا ہو گا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا طوق گلے میں ڈالنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 11 ربیع الاول کی رات مینار پاکستان پر ہونے والی دنیائے اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس میں عشاقان رسول بڑی تعداد میں شریک ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ سے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top