صاحبزادہ طاہر حسام الدین القادری اور صاحبزادہ عبدالرحمان سیف الدین القادری کا تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ

روحانی سرپرست تحریک منہاج القرآن حضرت پیر السید طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رضی اللہ عنہ کے پوتے صاحبزادہ السید طاہر حسام الدین القادری الگیلانی اور صاحبزادہ السید عبدالرحمان سیف الدین القادری الگیلانی نے 28 اپریل 2016 کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ملاقات کی۔ دورہ کا اہتمام بزم قادریہ نے کیا تھا۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچنے پر جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے طلبہ نے صاحبزادگان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، حاجی منظور حسین قادری، شہزاد رسول قادری، حاجی محمد اسحاق، قاضی فیض الاسلام، حاجی محمد سلیم قادری اور دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے صاحبزادگان کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا اور قائدین سے متعارف کروایا۔ صاحبزادہ طاہر حسام الدین القادری الگیلانی اور صاحبزادہ عبدالرحمان سیف الدین القادری الگیلانی نے مرکزی سیکرٹریٹ پر قائم مختلف شعبہ جات کے دفاتر، فریدملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور گوشہ درود سمیت کالج آف شریعہ، منہاج گرلز کالج اور منہاج یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سٹاف ممبران کی کارکردگی کو سراہا اور تحریک منہاج القرآن کی مزید ترقی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و فکری، تحقیقی و تعلیمی اور عملی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیخ السلام نے دین کے ہمہ جہت پہلوؤں کو اِکیسویں صدی میں دُنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے قابل ثابت کیا ہے اور اَیسی تمام دِیواروں کو مسمار کیا جو دُنیا دار طبقے کو دِین دار طبقے سے جدا کرتی تھیں تاکہ دُنیادار لوگوں کو دینِ اِسلام کو قریب سے دیکھنے کا موقع میسر آ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مادہ پرستی کے اس دور میں صوفی ازم کے فروغ کے لیے شیخ الاسلام کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ اللہ پاک ان کی خدمات دین کو قبول فرمائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top