منہاج ویلفیئر فاونڈیشن نے سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں
امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔ اس سامان میں آٹا، چینی، چاول، کپڑے، منرل واٹر، خیمے
اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء شامل ہیں۔ اس سلسلے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے
گزشتہ دنوں مرکزی سیکرٹریٹ سے امدادی سامان کے ٹرک متاثرہ علاقوں میں روانہ کیئے
ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن محمد عاقل ملک نے کہا کہ سیلاب کے
نتیجے میں ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے۔ تحریک منہاج القرآن اور بالخصوص
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس مصیبت کی گھڑی میں دکھی انسانیت کے ساتھ ہیں۔
مشکل کی اس گھڑی میں ہمیشہ کی طرح منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
متاثرہ جگہوں پر تحریک منہاج القرآن کے ورکرز امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔